پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظراور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ملک کے اہم شہروں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل کر دی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت داخلہ نے واضح کیا تھا کہ صرف وہ مخصوص علاقے جہاں سیکیورٹی خدشات ہوں گے، وہاں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی انٹرنیٹ سروسز کی بندش کی جائے گی، جبکہ باقی ملک میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
وزارت داخلہ کی اس وضاحت کا مقصد میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کرنا تھا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے احتجاج کی کال کے پیش نظر وفاقی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کی ضروریات کے پیش نظر صرف مخصوص علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔