وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں ہے، جو آئیگا وہ گرفتار ہوگا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے ہیں تاہم کچھ راستے کھلے بھی ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی چوک میں کسی بھی احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ غیرقانونی احتجاج کو روکا جا سکے۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران عوامی املاک کو نقصان پہنچتا ہے۔ ماضی میں پی ٹی آئی کے احتجاجات میں میٹرو اسٹیشنز اور درختوں کو آگ لگانے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا سے آنیوالے سرکاری افسران کیساتھ بھی سختی سے نمٹا جائیگا۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اپنے صوبے پر دھیان دینا چاہئے۔