پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 13 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، حافظ آباد، جھنگ، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، خانیوال، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور گرد و نواح میں سموگ یا دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں کشمور، سکھر، جیکب آباد، ٹنڈو جام اور دیگر مقامات پر سموگ یا ہلکی دھند پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔