سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک اور عدلیہ کو آزاد کرنا ضروری ہے، میں عمران خان کے لیے جان دینے کوبھی تیارہوں۔
عارف علوی نے کہا کہ عوام نے آج اپنا فیصلہ سنا دیا، مذاکرات کا وقت اب گزر چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اب فیصلہ سڑکوں پر ہوگا اور پی ٹی آئی کے کارکنان اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کسی قسم کی ڈیل نہیں کی ، میں عمران خان کی حمایت میں کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہوں۔ ملک کی عدلیہ اور حکومتی نظام کو آزاد کرنا ہوگا تاکہ انصاف کی حکمرانی قائم ہو سکے۔
وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین گنڈاپور کی قیادت میں ایک بڑا قافلہ ڈی آئی خان سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔
اس قافلے میں بلوچستان اور پنجاب سے آنے والے قافلے بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج احتجاج ہوگا اور وہ خود کے پی کے سے تمام قافلوں کی قیادت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ دوسری جانب، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور رینجرز، پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
احتجاج کے پیش نظر حکومت نے مختلف مقامات پر کنٹینرز کھڑے کر دیے ہیں اور ڈی چوک پر بھی اضافی سکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چھاپے اور گرفتاریاں بھی جاری ہیں تاکہ احتجاج کو کنٹرول کیا جا سکے۔