اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہورہا ہے۔
زرائع کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے پیٹرولیم ڈویژن نے راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کے پیش نظر ان شہروں کی انتظامیہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے چیف سیکریٹری پنجاب اور لاہور کے کمشنر سمیت جڑواں شہروں کے کمشنرز کو ایک خط بھیجا ہے، جس میں کہا گیا کہ مذکورہ شہروں میں لاک ڈاؤن کے باعث اٹک آئل ریفائنری کیلئے خام تیل لیکر جانے والے اور پیٹرولیم مصنوعات لانے والے ٹینکروں کی آمدورفت محدود ہوگئی ہے۔
اس صورتحال میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں خلل پڑ سکتا ہے، لہٰذا انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد اورراولپنڈی میں تعلیمی اداروں کی بندش اور سرکاری اداروں میں سٹاف ڈیوٹی میں کمی کے باوجود گاڑیوں کی آمدورفت میں کمی نہیں آئی،جسکی وجہ سے پیٹرولیم کی مصنوعات میں قلت کا خدشہ ظاہر کیاگیا ہے۔