اسلام آباد: اسلام آباد میں جاری سیاسی کشیدگی کے منفی اثرات کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی۔ منگل کو کاروبار کے اختتامی لمحات میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3800 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح آج صبح اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار منفی زون میں شروع ہوا، جس کے دوران ایک وقت پر کے ایس ای 100 انڈیکس 97361 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ تاہم بینکنگ سیکٹر میں بھاری سرمایہ کاری کے باعث مارکیٹ میں کچھ تیزی آئی اور انڈیکس 99722.66 پوائنٹس تک پہنچا
ذرائع کے مطابق دوپہر کے وقت اسٹاک مارکیٹ میں مزید فروخت کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 95797.90 پوائنٹس تک گر گیا۔ بعد ازاں مارکیٹ میں تیزی سے کمی آئی اور ایک موقع پر 100 انڈیکس 94200 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا تھا
یہ غیر مستحکم صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں اور اسلام آباد میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بینکنگ سیکٹر میں زبردست سرمایہ کاری کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی تھی، اور کے ایس ای 100 انڈیکس 98 ہزار پوائنٹس سے زائد پر بند ہوا تھا۔