سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین سے ان کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ۔ مراسلے کے مطابق گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کو آئندہ 60 دنوں میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات متعلقہ محکموں کے ذریعے جمع کرانی ہوں گی۔
سندھ سول سرونٹ رول 13، 2008 کے تحت یہ تفصیلات طلب کی گئی ہیں، جس میں سرکاری افسران سے ان کے نقد پیسوں، کاروبار کی مالیت اور جائیداد کی قیمت سمیت دیگر اثاثوں کی معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سرکاری افسران کا یہ ڈیٹا سندھ حکومت کے پاس محفوظ رکھا جائے گا۔ جو افسران اثاثوں کی تفصیلات فراہم نہیں کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔