امتحانات کے دوران طلبہ کا ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے سعودی عرب میں ایک منفرد اقدام نے سوشل میڈیا پر سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امتحانی مراکز میں امیدواروں کے لیے سینڈوچز، چاکلیٹس، آئس کریم، چائے، ہلکے پھلکے اسنیکس اور پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تصاویر سعودی عرب کی ہیں، جہاں امتحانی انتظامیہ طلبہ کو پرسکون اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ وہ ذہنی دباؤ سے آزاد ہو کر امتحانات دے سکیں۔
اس اقدام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ امتحانات طلبہ کے لیے پہلے ہی ایک دباؤ کا وقت ہوتے ہیں، ایسے میں اگر انہیں سہولت اور حوصلہ افزائی والا ماحول دیا جائے تو ان کی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ بحث بھی جاری ہے کہ کیا دیگر ممالک کو بھی تعلیمی نظام میں ایسی طلبہ دوست سہولیات شامل کرنی چاہئیں تاکہ امتحانات کا خوف کم ہو اور طلبہ زیادہ اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔