پاکستان نے چیمپئینز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل مسترد کرنے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کاکہنا ہے کہ جمعے کے روز ہونیوالی آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹر میٹنگ سے قبل ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رابطہ کرکے بتادیا ہے کہ ہم ٹورنامںٹ کی میزبانی کے موقف پر قائم ہیں اور اس میں کسی ملک کو شریک نہیں بنائیں گے۔
بورڈ ذرائع نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پاس مسئلے کا کوئی قابل قبول حل ہے تو میٹنگ سے پہلے ہی ہمیں آگاہ کرے تاکہ ہم تیار ہوکر آئیں اور کسی فیصلے حتمی فیصلے تک پہنچ سکیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ پاکستانی ٹیم بھارت جا کر کھیلے لیکن وہ اپنی ٹیم یہاں بھیجنے سے انکار کر دے۔
قبل ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے اور ایونٹ کے لیے پاکستان کی بہترین ٹیم میدان میں اُتاریں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر غور کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ جمعے کو ہوگی۔