معروف اینکر اقرار الحسن نے 21 سال تک اے آر وائی نیوز سے وابستہ رہنے کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے۔
اقرار الحسن نے اپنی نیوز کاسٹنگ کی شاندار سفر کا آغاز اس وقت کیا تھا جب اے آر وائی کی نشریات دبئی سے ہوتی تھیں۔ بعد ازاں انہوں نے “سر عام” کے نام سے پروگرام پیش کر کے شہرت حاصل کی اور پاکستانی میڈیا کی اہم شخصیت بن گئے۔
اقرار الحسن نے حالیہ دنوں میں اپنی سیاسی جماعت “عوام راج” لانچ کی تھی، اور اس سے متعلق اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ انہیں اے آر وائی اور عوام راج تحریک میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا تھا۔
اس انتخاب کے بعد انہوں نے عوام راج کو ترجیح دی اور اے آر وائی نیوز سے اپنی وابستگی کا خاتمہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اپنے استعفیٰ کے پیغام میں اقرار الحسن نے کہا کہ وہ بہت ساری یادوں کے ساتھ اکیس سالہ شاندار سفر کا اختتام کر رہے ہیں، جو انہوں نے اے آر وائی نیوز کے ساتھ گزارا۔ انہوں نے اے آر وائی نیوز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر ان کے لیے بہت یادگار اور کامیاب رہا۔