لاہور: پنجاب میں دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے رواں ماہ کے دوران 242 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کیے ہیں جس میں 34 دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق، یہ کارروائیاں لاہور، بہاولنگر، بہاولپور، گجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، نارووال، سرگودھا، چکوال، جہلم، اٹک، گجرات، بھکر اور رحیم یار خان جیسے مختلف شہروں میں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں کی جانے والی کارروائی میں “فتنہ الخوارج” سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کے 11 انتہائی خطرناک دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔ ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹر، 28 حفاظتی فیوز وائر، 89 فٹ گولیاں، ہینڈ گرنیڈ، 4 آئی ای ڈی بم، 3 پرائما کارڈ، موبائل فونز، ممنوعہ پمفلٹ اور نقدی برآمد ہوئی۔
دہشت گردوں کی شناخت زبیر، اسلم، ابو بکر، فدا حسین، فہد سلیم، سیف اللہ، نفیس، اصرار، حاجی شاہ اور عبداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ان دہشت گردوں کا مقصد لاہور میں ایک اہم سرکاری عمارت کو نشانہ بنانا تھا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق رواں ماہ سی ٹی ڈی نے 7536 کومبنگ آپریشنز بھی کیے جس دوران 637 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، اور 235630 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان نے مزید کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد پنجاب کو دہشت گردی سے محفوظ بنانا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سی ٹی ڈی پرعزم ہے۔