احمد پور شرقیہ روڈ پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں سابق رکن قومی اسمبلی مخدوم سید علی حسن گیلانی سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثہ اڈا نبی پور کے قریب اس وقت پیش آیا جب مخدوم سید علی حسن گیلانی کی گاڑی احمد پور شرقیہ سے اوچ شریف جاتے ہوئے سڑک کنارے کھڑے منی لوڈر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں 2 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
مخدوم سید علی حسن گیلانی پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر دو بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہو چکے تھے۔ علاوہ ازیںوہ فروری 2024 کے انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کے ایم این اے کے امیدوار تھے اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتہ دار تھے۔