بلوچستان حکومت نے اپنے نوجوانوں کی بے روزگاری کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا۔
اس منصوبے کے تحت 30 ہزار باہمت، باصلاحیت اور ہنر مند نوجوانوں کو مختلف ممالک میں ملازمت کے لیے بھیجا جائے گا۔ اس پروگرام کا انتظام بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (BTEVTA) کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جس نے اس منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔
پہلے مرحلے میں 6 ہزار نوجوانوں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن کی سکریننگ کی جائے گی اور ان کی تربیت کا عمل شروع کیا جائے گا۔ منتخب نوجوانوں کو سعودی عرب اور رومانیہ میں تعمیراتی شعبے میں کام کے لیے بھیجا جائے گا جبکہ جرمنی کے لیے منتخب امیدواروں کو صحت اور آئی ٹی کے شعبوں میں ملازمتیں دی جائیں گی۔