ضلع کرم میں قبائل کے درمیان جاری جھڑپیں گیارہویں روز بھی نہ رک سکیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مزید 6 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 130 ہو گئی ہے جبکہ 186 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ لوئر کرم کے علاقوں صدہ، بالش خیل، خارکلے، سنگینہ، بگن علیزئی اور بادشاہ کوٹ میں انتظامیہ، پولیس فورسز اور مقامی عمائدین کی مدد سے فائر بندی کرائی گئی ہے۔
مورچوں سے مسلح قبائل کو ہٹا کر وہاں پولیس اور فورسز کے دستے تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ علاقے میں امن قائم کیا جا سکے۔ دوسری جانب اپر کرم کے علاقے پیواڑ، تری منگل، مقبل اور کنج علیزئی میں جھڑپیں رکوانے کی کوششیں جاری ہیں۔
21 نومبر کو ضلع کرم کے اوچت مندوری علاقے میں پاراچنار سے پشاور اور پشاور سے پاراچنار جانے والی سیکورٹی فورسز کی کانوائے پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے تقریباً 50 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد علاقے کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔