خیبرپختونخوا میں29نومبر سے یکم دسمبر تک سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں میں 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بنوں کے علاقے بکا خیل میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام پر موثر انداز میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں 5خوارج مارے گئے جبکہ 9 خوارج زخمی ہوئے۔
آپریشن کے دوران سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے جبکہ دوسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے شگئی میں کی گئی جس میں 3 خوارج کو ہلاک جبکہ دو کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، کیپٹن محمد زوہیب الدین جو آپر یشن کی قیادت کر رہے تھے، بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لیے صفائی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں ۔ ترجما ن پاک فوج کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ26 سالہ کیپٹن محمد زوہیب شہید کا تعلق لاہور سے ہے ، انہوں نے 3 سال سے زائد عرصے تک پاک فوج میں دفاع وطن کے فرائض سرانجام دئیے۔
کیپٹن محمد زوہیب شہید نے سوگواران میں والدین چھوڑے ہیں جبکہ 29 سالہ سپاہی افتخار حسین شہید کا تعلق ضلع جھنگ سے ہے ، سپاہی افتخار نے 8 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کی خدمات سرانجام دیں، سپاہی افتخار حسین شہید نے سوگواران میں اہلیہ 1بیٹا اور 1 بیٹی چھوڑے ہیں۔