اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے باوجود لبنان میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھنے لگی ہیں۔
خبررساں ایجنسیوں کے مطابق اوپیک پلس نے اپنی میٹنگ کو 5 دسمبر تک ملتوی کر دیا، جس سے تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق برطانوی برینٹ تیل کی قیمت میں 52 سینٹ کا اضافہ ہوا اور یہ 72.36 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 50 سینٹ بڑھ کر 68.50 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان گزشتہ ہفتے جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا، جس کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں ہفتہ وار 3 فیصد کمی ہوئی تھی۔ تاہم حالیہ حملوں کے باعث تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق 2025ء میں برطانوی برینٹ تیل کی اوسط قیمت 74.53 ڈالر فی بیرل متوقع ہے۔