پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیوں کے مابین دوسرا ٹی 20 میچ آج بلاوائیو میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس کو 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ٹی 20 میچز کی سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائیگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے چار بجے شروع ہوگا۔گرین شرٹس نے پہلے میچ میں ہوم ٹیم کو آؤٹ کلاس کیا اور 57 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔دوسرے ٹی ٹوئنٹی کےلیے پاکستان کی فائنل الیون کا اعلان بھی کردیا گیا ہے جس کے مطابق سلمان علی آغا کپتان ہوں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور سفیان مقیم شامل ہیں پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کے خلاف پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 165 رنز بنائے تھے۔
166 رنز ہدف کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور اس طرح سے پاکستان نے یہ میچ 57 رنز سے اپنے نام کرلیا تھا۔ نوجوان سفیان مقیم اور ابرار احمد نے 3، 3 شکار کیے تھے، جبکہ حارث رؤف نے 2 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
اس سے قبل 28 نومبر کو پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں مہمان زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی تھی۔ دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 10 وکٹ سے شکست دی تھی۔
قبل ازیں بلاوایو میں ہی کھیلے گئے پہلے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن بارش سے متاثرہ میچ میں قومی ٹیم 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز ہی بناسکی تھی۔ بعد ازاں، زمبابوے نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم (ڈی ایل ایس) کے تحت 80 رنز سے شکست دی تھی۔