آبنائے ہرمز کا مستقل انتظام ،امریکا اور ایران براہِ راست رابطہ چینل قائم کرنے پر متفق ہوگئے 

  آبنائے ہرمز کا مستقل انتظام ،امریکا اور ایران براہِ راست رابطہ چینل قائم کرنے پر متفق ہوگئے 

ایران نے آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظامات اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں جبکہ امریکی حکام کے مطابق ایران اور امریکا نے ممکنہ فوجی تصادم سے بچنے کے لیے براہِ راست فوجی رابطہ چینل قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کے انتظامی امور، بحری خدمات اور مستقبل کے تعاون سے متعلق مذاکرات جاری ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ ان کی اپنے عمانی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر تعمیری اور مفید گفتگو ہوئی، جس میں آبنائے ہرمز کے انتظامی معاملات، بحری خدمات اور خطے میں آئندہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز سے متعلق مستقبل کے انتظامات خطے کے ہمسایہ ممالک سے مشاورت کے ذریعے آگے بڑھانا چاہتا ہے اور اس اہم آبی گزرگاہ سے متعلق فیصلے بھی پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر کیے جائیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :عمان کیساتھ مل کر آبنائے ہرمز ، سمندری آمدورفت کی بحالی کیلئے مشترکہ نظام تشکیل دینگے ، ایران

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق امریکا اور ایران نے ممکنہ فوجی تصادم سے بچنے کے لیے براہِ راست رابطہ چینل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ادھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو میں انکشاف کیا کہ اس انتظام کے تحت ایرانی پاسدارانِ انقلاب اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے فوجی نمائندے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایرانی حکام نے اس تجویز پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کا ایک نمائندہ دوحہ بھیجا جائے گا تاکہ امریکی فوجی حکام کے ساتھ براہِ راست رابطہ برقرار رکھا جا سکے اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ تنازع کو بڑھنے سے روکا جا سکے۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکا ایران معاہدے پر دستخط ہوگئے، آبنائے ہرمز بھی کھل چکی ہے، صدر ٹرمپ

جے ڈی وینس نے مزید دعویٰ کیا کہ متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کے ساتھ ایسے سفارتی رابطے شروع کیے ہیں جو اس سے قبل موجود نہیں تھے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے۔

editor

Related Articles