وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اینٹی اسموگ پلان کے تحت پنجاب بھر میں تمام گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کی تصدیق کا حکم دیا ہے۔ سرکاری اور نجی گاڑیوں کو اب فٹنس سرٹیفکیٹ اتھارٹی سے تصدیق نامہ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
اس سلسلے میں صوبائی وزارتوں کے سیکریٹریز اور پنجاب کے تمام کمشنرز کو ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں تمام محکموں کو 30 جنوری تک گاڑیوں کا معائنہ کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزارتوں اور ذیلی محکموں کی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ بھی حاصل کیے جائیں گے۔
اس کے ساتھ حکومت نے اسموگ کی روک تھام کے لیے خراب انجن والی اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جمعہ اور اتوار کو لاہور میں ٹرکوں، بسوں اور بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
گزشتہ روز خراب انجن والی اور زیادہ دھواں دینے والی ایک ہزار سے زائد گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 144 گاڑیاں بند کر دی گئیں۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان اقدامات سے صوبے کا ماحولیاتی مستقبل بہتر ہوگا، اور اسموگ کے خاتمے کے لیے یہ بنیاد ثابت ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی کے خلاف یہ جنگ شہریوں کی زندگی کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔