پاکستان میں شیڈول چیمپینز ٹرافی 2025 کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا جبکہ دی بورڈ فار کنٹرول کرکٹ اِن انڈیا( بی بی سی آئی ) نے ڈھٹائی برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے پیش کردہ فیوژن ہائبرڈ ماڈل کو ماننے سے انکار کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے 2031 تک بھارت میں شیڈول تمام آئی سی سی ایونٹس کےلیے ہائبرڈ ماڈل ہی اپنانے کا فارمولا پیش کیا تھا کہ اگر چیمپیئنز ٹرافی کےلیے ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو پھر گرین شرٹس بھی بھارت کا رخ نہیں کریں گے کیونکہ سکیورٹی مسائل کی وجہ سے حکومت اجازت نہیں دے گی۔
تاہم اب بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) نے موقف اپنایا ہے کہ بھارت میں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، اس لیے کوئی بھی ایونٹ ہائبرڈ ماڈل پر نہیں ہوگا۔
قبل ازیں بھارت کے علاوہ آئی سی سی کے وفد پاکستان میں سکیورٹی اور اسٹیڈیمز کی تعمیرات کا جائزہ لے کر جاچکے ہیں لیکن کوئی اعتراض نہیں اٹھایا، تاہم بھارت نے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کے تحت ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2025، ٹی20 ورلڈ کپ 2026 اور 2029 کی چیمپیئنز ٹرافی کے علاوہ 2031 کا ون ڈے ورلڈکپ بھی بھارت میں ہی شیڈول ہے۔