پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو اہم احکامات جاری کر دیے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کرانے سے متعلق دائر درخواست کی سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل بنچ نے کی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو سینیٹ انتخابات کا معاملہ جلد حل کرنے کا حکم دیا ہے
وکیل درخواست گزار علی زمان ایڈوکیٹ نے عدالت میں موقف اپنایا کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستیں اب تک خالی پڑی ہیں اور الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات کرانے میں تاخیر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تاریخ پر تاریخ مانگ رہا ہے، اس لیے یہ معاملہ فوراً الیکشن کمیشن کے سامنے رکھا جائے تاکہ اس پر فیصلہ ہو سکے۔
چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے نمائندے سے پوچھا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے کب میٹنگ کر رہے ہیں؟ اس پر وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ انہیں کچھ وقت دیا جائے تاکہ وہ اس معاملے پر جواب جمع کر سکیں
چیف جسٹس نے اس بات پر زور دیا کہ سینیٹ انتخابات کا معاملہ فوری طور پر حل کیا جائے اور 24 دسمبر تک الیکشن کمیشن سے فیصلہ طلب کیا۔ عدالت نے اس کیس کی سماعت مزید ملتوی نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اس کی سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کر دی۔