9 مئی کے مختلف مقدمات میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے پی ٹی آئی کی قیادت کو ذمہ دار قرار دیا۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کے مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی، جس کی صدارت اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے کی۔ جے آئی ٹی نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے 9 مئی کو عوام کو اکسانے کا عمل کیا، اور اس میں اسد عمر، اعظم سواتی، حافظ فرحت عباس سمیت دیگر ملزمان کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔
دوران سماعت عدالت نے ملزمان کے وکلا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے آپ لوگ تفتیش مکمل کرنے کی بات کر رہے تھے، اب جب تفتیش مکمل ہو چکی ہے تو آپ کو دلائل دینے کا وقت ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ اگر آپ کو مزید وقت چاہیے تو بتا دیں۔
بعد ازاں عدالت نے ملزمان کے وکلا کو 9 مئی کے مختلف مقدمات میں دلائل دینے کے لیے آئندہ سماعت پر 14 جنوری کو طلب کر لیا۔