ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کے احکامات پر موٹر سائیکل لائسنس کے اجرا میں سہولیات کی فراہمی میں تیزی آ گئی ہے، تاہم ریلیف کی مدت ختم ہونے میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار سے زائد شہریوں نے لائسنسنگ سہولیات سے فائدہ اٹھایا۔ 7,500 شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا، جبکہ 10,350 افراد نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کے لیے رجسٹریشن کروائی۔ مزید برآں، 10 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ اور ریگولر لائسنس کی تجدید کروائی۔
اس کے علاوہ 2 ہزار شہریوں نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا، جبکہ 50 سے زائد افراد نے گمشدہ لائسنس دوبارہ بنوایا۔
یاد رہے کہ موٹر سائیکل کا لرننگ اور ریگولر لائسنس بنوانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر مقرر ہے۔ 16 دسمبر سے لرننگ لائسنس کے لیے 42 دن کا اصول دوبارہ نافذ ہو جائے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ وقت میں سہولیات سے استفادہ کریں۔