وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے چارج شیٹ ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے رویے میں تبدیلی آئی ہے لیکن خلوص نہیں ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ابھی تک تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات کی کوئی آفر ہی نہیں آئی، وہ لوگ اسپیکر اسمبلی کے پاس بیٹھے رہتے ہیں چائے بسکٹ کھاتے ہیں اور چلے جاتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری حکومت کی طرف سے کوئی ایسی مذاکرات والی صورتحال ہی نہیں بنی کہ ہم ریسپانڈ کریں، فی الحال تو وہ آپس میں لڑ رہے ہیں، کوئی کہتا ہے کہ ہماری دو شرائط ہیں، وہ منظور کی جائیں،کوئی کہتا ہے غیر مشروط مذاکرات ہونے چاہئیں، ان کی طرف سے کوئی کمیٹی کمیٹی کھیل رہا ہے، اب کمیٹی بھی بنا دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مذاکرات کی کامیابی کیلئے فریقین میں خلوص ہونا بہت ضروری ہے، بصورت دیگر مذاکرات پہلے دن ہی سے ناکام ہوتے ہیں، وہ مذاکرات نہیں ڈرامہ ہوتا ہے، میرے خیال میں خلوص نام کی کوئی چیز بانی پی ٹی آئی سے لے کر کسی میں نہیں ہے اور ان کی کیمسٹری میں خلوص نامی چیز نہیں ہے۔