یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر رجب بٹ کو شادی پر شیر کے بچے کا تحفہ دیے جانے کے معاملے پر محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
محکمہ وائلڈ لائف نے رجب بٹ کو 10 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کر دیا اور شیر کے بچے کو تحویل میں لینے کے بعد سفاری زو منتقل کر دیا گیا۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق شیر کا بچہ تحفے میں دینے والے شخص، عمر کو بھی ٹریس کر لیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ عمر کا اپنا بریڈنگ فارم ہے تاہم اسے رجسٹر نہیں کروایا گیا تھا۔ اس غیر قانونی عمل پر عمر کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
سفاری زو انتظامیہ کے مطابق شیر کے بچے کی مناسب نگہداشت جاری ہے اور کیس کی قانونی کارروائی مکمل ہونے تک یہ بچہ ان کی تحویل میں رہے گا۔
دوسری جانب یوٹیوبر رجب بٹ کی گرفتاری کے معاملے میں محکمہ وائلڈ لائف کی مبینہ غفلت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے شیر کے بچے کی موجودگی کی اطلاع دی، جس پر محکمے نے بچے کو تحویل میں لے لیا لیکن قانونی کارروائی کے لیے رجب بٹ کے خلاف درخواست دائر نہ کی۔
گرفتاری کے دوران محکمے کے اہلکار مبینہ طور پر پیشہ ورانہ فرائض کی بجائے رجب بٹ کے ساتھ سیلفیاں اور ویڈیوز بنانے میں مصروف رہے۔