وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان بامعنی مذاکرات کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا ء اللہ نے میڈیا سے بات چیت میں انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات میں اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں،تاہم رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے نہ صرف اسٹیبلشمنٹ اپنی پالیسی واضح کر چکی ہے بلکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قومی اسمبلی سے اپنے حالیہ خطاب کے دوران تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کر چکے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان ماضی میں سیاسی مذاکرات کے حق میں تھے اور نہ اب دلچسپی رکھتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ کے نزدیک بامقصد مذاکرات اہم ہیں اور اس کی جانب آگے بڑھنا چاہئے لیکن مذاکرات کے راستے میں عمران خان سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی دوسرے درجے کی قیادت حکومت کے ساتھ بات چیت کے حق میں ہے لیکن ان کے اس طرح کے مذاکرات کی خواہش کے باوجود عمران خان نے ان سب کو مسترد کر دیا جس کا نتیجہ 26؍ نومبر جیسے واقعات کی صورت میں سامنے آیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ (26 نومبر کا واقعہ) نہ صرف مذاکرات کے ممکنہ آغاز کیلئے ایک سنگین جھٹکا تھا بلکہ اس واقعے نے یہ بھی واضح کر دیا کہ عمران خان اپنی پارٹی کی پوری دوسرے درجے کی قیادت کی رائے کو کوئی حیثیت نہیں دیتے۔