نان فائلرز پر پابندیوں کے حوالے سے قومی اسمبلی میں ٹیکس لاء ترمیمی بل پیش کردیا گیا۔
قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے ٹیکس لاء ترمیمی بل 25-2024 کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں، مجوزہ ترمیم کے مطابق نان فائلرزپر 800 سی سی سے زائد گاڑیاں خریدنے پر پابندی ہوگی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نان فائلرز مخصوص حد سے زیادہ جائیداد بھی نہیں خرید سکیں گے، ان پر مخصوص حد سے زیادہ شیئرز کی خریداری پر بھی پابندی ہوگی،اب بینک اکاؤنٹ اوپن نہیں کر سکیں گے، نان فائلر ایک حد سے زیادہ بینکنگ ٹرانزیکشنز نہیں کرسکیں گے۔
نان فائلر ز کو موٹر سائیکل، رکشہ اور ٹریکٹر خریدنے کی اجازت ہوگی،غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں گے، غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد جائیداد ٹرانسفر بھی نہیں کرسکیں گے۔
حکومت کو غیر رجسٹرڈ افراد کی پراپرٹی اور کاروبار سیل کرنے کا اختیار ہو گا، ایف بی آر جن لوگوں کے نام کی لسٹ جاری کرے گا ان کے اکاؤنٹس منجمدکئے جائیں گے۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق سیلز ٹیکس رجسٹریشن نہ کرانے پر بینک اکاؤنٹس منجمد کئے جائیں گے، ایسے افراد پر پراپرٹی ٹرانسفر پر پابندی ہوگی، سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے دو دن بعد اکاؤنٹس غیرمنجمد کئے جائیں گے۔
اکاؤنٹس غیر منجمد کرنے کے لیے بھی چیف کمشنر کے پاس پہلے اپیل کرنا ہوگی، اس کے علاوہ فائلر کے والدین، بیوی اور 25 سال تک کی عمر کے بچے فائلر تصور ہوں گے۔
اوپر بیان کی گئی پابندیوں کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد ہوگا۔