علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو 190ملین پائونڈ کیس میں سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔
عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ جو بھی قانون ہے اور میرے خلاف مقدمات ہیں ان کا سامنا کروں گا۔ میں نے کبھی بھی اپنے لوگوں کو نہیں اکسایا۔ ہمیشہ لوگوں کو تاکید کی ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق چلیں۔ احتجاج پر بھی لوگوں کو کہا کہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے9 مئی اور 26 جون کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا ہے۔ عمران خان کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ہمارے غیر قانونی طور پر گرفتار کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ عمران خان نےکہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے حالات سے بہتر واقف ہیں۔ اگر اتوار تک مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو اوورسیز پاکستانیوں کو کہوں گا کہ وہ ترسیلات زر پاکستان نہ بھیجیں تاکہ حکومت کو پتہ چلے کہ جن پاکستانیوں کے ساتھ آپ ظلم کر رہے ہیں وہ بھی اپنا حق استعمال کریں۔ پاکستان اورسیز پاکستانیوں کے پیسے پر کھڑا ہے۔
علیمہ خان نے 190ملین پائونڈ کیس کے محفوظ فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ لگ رہا ہے سوموارکے دن عمران خان کو اس ریفرنس میں سزا دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ جان کر دکھ ہوا اگر آپ بطور وزیراعظم پاکستان کے لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کریں گے تو آپ کو اس کی سزا ملے گی اوراگر آپ پاکستان کو لوٹ کے لے جائیں توآپ دوبارہ وزیراعظم بنیں گے۔ اگر آپ پاکستان کے بچوں کے مستقبل کے لیے کام کریں گے تو آپ جیل جائیں گے۔