پنجاب میں سٹیم ایجوکیشن (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی) کے فروغ کے لیے پبلک تعلیمی اداروں میں نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
یہ نمائش گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن اور یونیسیف کے اشتراک سے پی ایم آئی یو ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام اضلاع کی سطح پر سٹیم مقابلوں کا حصہ تھی۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے لاہور کے گورنمنٹ ریٹی گن سکول میں ہونے والی سٹیم نمائش کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلباء کے بنائے گئے سائنسی ماڈلز دیکھے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
نمائش میں پنجاب بھر سے 108 طلباء کے منتخب ماڈلز پیش کیے گئے۔ جن میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی کے شعبوں میں تیار کیے گئے ماڈلز شامل تھے۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات کی رقم میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پہلی تین پوزیشنز کے حامل طلباء کو بالترتیب 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 2 لاکھ روپے کا کیش پرائز دیا جائے گا۔
وزیر تعلیم نے اس کے علاوہ ٹاپ ٹین پراجیکٹس کے اساتذہ کو بھی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ اگلے سال تک سرکاری سکولوں کو معیاری سکول بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سٹیم ایجوکیشن کی اہمیت بدلتے دور کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے اور سوشل لرننگ اس کے لیے ضروری ہے۔ سٹیم نمائشوں کے ذریعے طلباء کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملے گا، جس سے ان میں تحقیق کی عادت، تنقیدی سوچ اور ٹیکنالوجی میں دلچسپی بڑھے گی۔
وزیر تعلیم نے تمام سکول سربراہان کو سٹیم نمائش جیسے سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں ایسا ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں، تنقیدی سوچ اور جدت کو فروغ دیا جا سکے۔
واضح رہے کہ سٹیم ماڈلز کو شارٹ لسٹ کرنے کے لیے ضلعی سطح پر قائم تکنیکی کمیٹیوں نے ماڈلز کا جائزہ لے کر فاتحین کا انتخاب کیا۔