اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد نے سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلانے والے 11 ملزمان کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نوٹسز ملزم صبغت اللہ ورک، محمد ارشد، عطاالرحمان، اظہر مشوانی، عروسہ ندیم شاہ، محمد علی ملک، شاہ زیب ورک، موسی ورک، اکرام کٹھانہ، تقویم صدیق اور محمد نعمان افضل کو جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر جرائم کی روک تھام کے لئے ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے مطابق آئی جی پولیس کے ماتحت ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل دی۔ جے آئی ٹی ملزمان اور ان کے ساتھیوں کے پسِ پردہ مقاصد کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے ان ملزمان کو 24 دسمبر کو طلب کر رکھا ہے۔ ان ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان میں بدامنی اور انتشار پھیلایا۔
ذرائع نے بتایا کہ مجرموں کی شناخت اور ان کے خلاف قابل اطلاق قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ جے آئی ٹی کے پاس ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔