عالمی شہرت یافتہ قوال اور کلاسیکل گائیکی کے بے تاج بادشاہ استاد شیر علی خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
استاد شیر علی خان کی وفات سے قوالی کی دنیا ایک عہد ساز شخصیت سے محروم ہو گئی۔ استاد شیر علی اور ان کے بھائی مہر علی کی قوالی کی جوڑی نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ دونوں بھائیوں نے قوالی اور کلاسیکل گائیکی میں بے مثال شہرت حاصل کی اور اپنی گائیکی کے ذریعے موسیقی کے مداحوں کے دل جیت لیے۔
استاد شیر علی خان کی خدمات کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔ وہ کئی بار بین الاقوامی سطح پرخاص طور پر بھارت میں اپنی پرفارمنس کے لیے مدعو کیے گئے۔ ان کے بیٹے اعجاز شیر علی بھی موسیقی کے میدان میں اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شہرت حاصل کر رہے ہیں۔
استاد شیر علی خان کے انتقال پر ان کے مداحوں اور موسیقی سے وابستہ افراد میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ کے بارے میں اعلان بعد میں کیا جائے گا۔