راولپنڈی-مری ٹورسٹ گلاس ٹرین پروجیکٹ کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی، جس کا مقصد اسلام آباد اور مری کو جوڑنا ہے، کو 30 اپریل 2025 تک حتمی شکل دینے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور مری کے درمیان ٹورسٹ گلاس ٹرین پراجیکٹ کی فزیبیلٹی اسٹڈی 30 اپریل 2025 تک مکمل ہونے کی توقع ہے اس اسٹڈی کے انعقاد کا کام نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان نیسپاک کو سونپا گیا ہے۔نیسپاک کو اختیار ہوگا وہ اپنی مدد کیلئے کسی بھی ملکی یا غیر ملکی کمپنی کی خدمات حاصل کرسکے گا۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی مری ٹورازم گلاس ٹرین کی فزیبیلٹی سٹڈی پر 271اعشاریہ875ملین روپے خرچ ہوں گے۔ پہلے سٹڈی کیلئے30جون2025مقرر کی گئی تھی۔تاہم نیسپاک اب یہ سٹڈی 30 اپریل تک مکمل کرے گا۔ 2015میں راولپنڈی مظفر آباد ریل منصوبہ کے لئے راولپنڈی تا بستال موڑ مری تک ریل لنک کی فزیبیلٹی رپورٹ ایک پاکستانی کمپنی نے آسٹریا کی ایک کمپنی کے ساتھ جوائنٹ ونچر کے تحت تیار کی تھی جس پر 60ملین روپے خرچ ہوئے تھے ۔بستال موڑ سے آگےتقریبا26کلومیٹر مری تک فزیبیلٹی رپورٹ تیار ہونی ہے۔
دوسری جانب منصوبے کی فزییبیلٹی سٹڈی کے سلسلے میں اعلی سطح کا مشاورتی سیشن نیسپاک ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہواجس کی صدارت پنجاب کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر نے کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ فزییبیلٹی سٹڈی کا مقصد زمینی حقائق کا جائزہ لینا ہے تاکہ منصوبے کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ ٹورسٹ گلاس ٹرین کا اسلام آباد سے مری تک ریلوے ٹریک تعمیر کیا جائے گا۔