کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی

کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہےجبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی توقع ہے۔ تاہم کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات اور گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں جنوری کے دوسرے ہفتے سے سردی میں اضافہ ہوگا ، محکمہ موسمیات

پنجاب کے زیادہ تر میدانی علاقوں اور بالائی/وسطی سندھ میں سموگ یا درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔موسم کے ماہرین کے مطابق ہفتے کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں سرد موسم کی توقع ہے اور صبح یا رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہ سکتا ہے جبکہ صبح کے وقت کچھ مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان بھی ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی محسوس ہو گی۔ صبح اور رات کے اوقات میں صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں دھند پڑنے کی توقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم کا راج رہے گا جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا۔ رات اور صبح کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں درمیانی سے شدید دھند یا سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے اور پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی ہو گی۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، خیرپور، مہیجو دارو اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند یا سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر ہلکی بارش یا ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ جمعہ کو کم سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 13، لہہ میں منفی 12، گوپس میں منفی 9، استور، گلگت، زیارت میں منفی 8، کوئٹہ اور قلات میں منفی 7، ہنزہ اور بگروٹ میں منفی 6 اور کالام میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *