پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (PNRA)نے چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 کے لیے تعمیراتی لائسنس جاری کر دیا ۔
یہ پاور پلانٹ نیوکلیئر ذرائع سے 1200 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والا سب سے بڑا پاور پلانٹ ہوگا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) نے اپریل 2024 میں اس پلانٹ کے تعمیراتی لائسنس کے لیے درخواست دی تھی، جس میں ابتدائی حفاظتی جائزہ رپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات بھی شامل تھیں۔
ان دستاویزات میں ری ایکٹر کے ڈیزائن، جوہری مواد کے محفوظ استعمال، تابکاری سے تحفظ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات، تابکار فضلے کی ٹھکانے لگانے کی تفصیلات اور نیوکلیئر سکیورٹی جیسے اہم پہلو شامل تھے۔
پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے ان تمام دستاویزات کا مفصل جائزہ لینے کے بعد اور قومی و بین الاقوامی معیارات کے مطابق تمام ریگولیٹری تقاضوں کو پورا کرنے کی تصدیق کرنے کے بعد چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 کے تعمیراتی لائسنس کو منظور کیا۔
اس منصوبے سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اور ملک میں نیوکلیئر توانائی کے استعمال میں مزید اضافہ ہوگا۔