وزیرِ اعظم شہباز شریف کواسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے ایک ٹیلیفون کال موصول ہوئی، جو 30منٹ سے زائد وقت تک جاری رہی ،اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا رابطہ تھا۔
وزیرِ اعظم نے صدر پزشکیان، ایرانی قیادت اور برادر ایرانی عوام کو تاریخی امن معاہدے پر دلی مبارک باد پیش کی،وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ نہ صرف خطے میں امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ایرانی قوم کی تعمیرِ نو اور پاکستان و ایران کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے بھی اپنے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام پہنچایا،وزیرِ اعظم نے امن معاہدے پر دستخط کے ایرانی فیصلے کو سراہتے ہوئے مذاکرات کے اگلے مرحلے میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ایرانی صدر کو یقین دلایا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہر شعبے میں ایران کی مسلسل حمایت جاری رکھے گا۔
ایرانی قوم اور اپنی جانب سے صدر مسعود پزشکیان نے وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی مہارت، خلوص اور دانشمندی کے ساتھ ثالثی کے عمل کی رہنمائی کی، جس کے نتیجے میں یہ کامیاب معاہدہ ممکن ہوا،انہوں نے کہا کہ ایران مشکل حالات میں پاکستان کی مثبت، تعمیری اور مخلصانہ کوششوں اور حمایت کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔
پاکستان کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ ایران باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت اور مضبوطی دینا چاہتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ وہ دوطرفہ اور علاقائی امور میں موجود بہترین تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے جلد از جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کا دورہ کریں گے،دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں بھی مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔