سال 2024: بی آر ٹی پشاور میں چوری کے 27 مقدمات، 28 ملزمان گرفتار

سال 2024: بی آر ٹی پشاور میں چوری کے 27 مقدمات، 28 ملزمان گرفتار

پشاور: سال 2024 کے دوران بی آر ٹی پشاور میں چوری کے 27 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 28 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق، پشاور کے 9 تھانوں کی حدود میں بی آر ٹی بس سروس پر چوری کی وارداتیں پیش آئیں، جس میں تھانہ خان رازق میں 5، ٹاؤن اور غربی میں 4، تھانہ شہید گلفت میں 4، اور حیات آباد کی حدود میں 3 چوری کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

پولیس کے مطابق، ان چوری کی وارداتوں میں بی آر ٹی کے مسافر 3 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد رقم، ڈھائی تولہ سونا اور 18 موبائل فونز سے محروم ہو گئے۔ پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ چوری کی کارروائیاں مختلف ملزمان نے کیں، جن میں 8 خواتین بھی شامل ہیں۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 28 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان سے 3 لاکھ روپے سے زائد رقم اور 17 موبائل فونز برآمد کیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی میں چوری کے واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور برآمدگی کی کارروائیوں سے ان وارداتوں میں کمی لانے میں مدد ملی ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر افراد کو بھی پکڑا جا سکے۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بی آر ٹی سروس استعمال کرتے وقت اپنے قیمتی سامان کی حفاظت کریں اور مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *