اسلام آباد: پاکستان میں دہشت گردی اور سنگین انسانی جرائم میں بھارت کا ملوث ہونا عالمی سطح پر بے نقاب ہو گیا ہے۔
عالمی جریدے “واشنگٹن پوسٹ” نے بھارتی حکومت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو بے نقاب کرتے ہوئے بھارتی ایجنسی “را” کے ملوث ہونے کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔
“واشنگٹن پوسٹ” کے مطابق بھارت پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے جہاں بھارتی ایجنسی (را) نے اجرتی قاتلوں اور افغان ہتھیاروں کے ذریعے کم از کم چھ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی۔ رپورٹ میں ذکر کیا گیا کہ گزشتہ اپریل میں لاہور میں دو نقاب پوشوں نے (تامبا) نامی شخص کو گولیوں کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ بھارتی خفیہ قتل مہم کا تسلسل ہے۔
رپورٹ کے مطابق (را) نے پاکستان میں متعدد افراد کو نشانہ بنایا اور شواہد سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ پاکستانی شہریوں کے قتل میں بھارت ملوث ہے۔ 2021 کے بعد (را) نے پاکستان میں خفیہ مہم کے ذریعے کئی پاکستانی شہریوں کو قتل کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان کے وزیر داخلہ بھی اس بات کا انکشاف کر چکے ہیں کہ ان ہلاکتوں میں بھارت کا براہ راست ہاتھ ہے۔
بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی (را) کی قتل مہم کی وجہ سے بھارت بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کی زد میں ہے۔ امریکا، کینیڈا اور مغربی ممالک میں “را” کی دہشت گردی اور ماروائے عدالت قتل کے واقعات سامنے آچکے ہیں، جن میں کینیڈا اور امریکا میں سکھ رہنماؤں کا قتل بھی شامل ہے۔
کینیڈا کے حکام نے بھارتی سفارت کاروں اور (را) کی دہشت گردی کو بے نقاب کیا جبکہ بھارت نے اپنے افسر وکاش یادیو کی قیادت میں نیویارک میں سکھ علیحدگی پسند رہنما پر قاتلانہ حملے کی ہدایت بھی جاری کی۔
پاکستانی سفارتی ماہرین نے کہا ہے کہ بھارت کی دہشت گردی، جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر اقوام عالم کو سخت نوٹس لینا چاہیے۔ دوسری جانب، بھارت کی دہشت گردی اور مداخلت عالمی امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔