پاکستان کی معروف اداکارہ نیلم منیر نے حال ہی میں خوبصورتی اور بڑھاپے سے متعلق ایک منفرد نقطہ نظر پیش کیا ہے۔
نیلم منیر کا کہنا ہے کہ لوگ اپنی حقیقی شخصیت کو قبول کریں اور خوبصورتی میں اضافے یا عمر چھپانے کے لیے کاسمیٹک سرجری کروانے سے گریز کریں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں نیلم منیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ چہرے کی تبدیلیاں ایک قدرتی عمل ہیں اور انسان کو ان پر پریشان ہونے کے بجائے اپنی شخصیت کو سنوارنے پر توجہ دینی چاہیے۔
نیلم نے کہا کہ جھریاں یا عمر رسیدہ نظر آنا ایک قدرتی عمل ہے اور یہ فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں کہ چہرے کی تازگی کم ہو رہی ہے۔
ان کے مطابق اصل خوبصورتی وہ ہے جو وقت کے ساتھ شخصیت میں جھلکتی ہے اور انسان کی انفرادیت کو نمایاں کرتی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کل ہر دوسرا شخص کاسمیٹک سرجری کروارہا ہے جس کی وجہ سے سب لوگ ایک جیسے نظر آنے لگے ہیں۔ نیلم نے زور دیا کہ اپنی اصلیت کو اپنانا اور خود پر اعتماد کرنا زیادہ اہم ہے۔
نیلم منیر کا کہنا تھا کہ اگرچہ شوقیہ طور پر ایسی چیزیں کروائی جا سکتی ہیں، لیکن صرف دوسروں سے بہتر یا زیادہ جوان نظر آنے کے لیے یہ عمل کرنا مناسب نہیں ،اپنی خوبصورتی کو قبول کریں اور اپنی منفرد شخصیت کو ابھاریں۔ نیلم کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے جہاں مداح ان کے خیالات کو سراہ رہے ہیں اور قدرتی خوبصورتی کو اپنانے کے حق میں بات کر رہے ہیں۔