صاف ستھرے ممالک کی فہرست میں پاکستان بھارت اور بنگلہ دیش سے بھی پیچھے رہ گیا۔
ورلڈ پاپولیشن ریویو نے ماحولیاتی کارکردگی انڈیکس کی بنیاد پر 2024 کے دنیا کے سب سے صاف ستھرے ممالک کی فہرست مرتب کی ہے۔
اس فہرست میں 180 ممالک کی درجہ بندی انڈیکس ییل یونیورسٹی، کولمبیا یونیورسٹی اور ورلڈ اکنامک فورم کے تعاون سے کی گئی ہے، یہ درجہ بند کرنے کے لئے چالیس مختلف اشاریے استعمال کیے جاتے ہیں۔
ان میں ماحولیاتی صحت، ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی کارکردگی کے معیار کو جانچا جاتا ہے۔گزشتہ سال 2024 میں ایسٹونیا 75.3 کے اسکور کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، دوسرے نمبر پر لکسمبرگ ہے جس کا انوائرمینٹل پرفارمنس انڈیکس 75 ہے، جرمنی کا اسکور74.6 ہے اور وہ تیسرے نمبر پر ہے۔
ان تین ممالک کے بعد فن لینڈ، برطانیہ، سویڈن، ناروے، آسٹریا، سوئٹزرلینڈ اور ڈنمارک ہیں، ان ممالک کی ماحولیاتی صفائی انتہائی بہتر رہی اور انسانی صحت بھی بہتر ہوئی، کیونکہ جب صاف پانی، خالص ہوا، اور موثر صفائی میسر ہو تو پھر بیماریوں کے خطرات بھی کم ہوتے ہیں۔
اس فہرست میں بنگلہ دیش کا 174 واں نمبر ہے جبکہ بھارت 175 نمبر پر موجود ہے، پاکستان کا نمبر 178 ہے، پاکستان ماحولیاتی کارکردگی اور صحت کے لحاظ سے بنگلہ دیش اور بھارت سے بھی پیچھے رہ گیا ہے۔