مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے پیش کیئے گئے دو مطالبات چھوٹے نہیں بڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر عرفان صدیقی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی کے جو دو مطالبات سامنے آئے ہیں، وہ چھوٹے نہیں، بڑے مطالبات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مطالبات کرتے ہوئے حکومت کی حدود کا اندازہ بھی رکھنا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ دونوں فریقین کا مذاکرات پر آمادہ ہو جانا بھی بڑی کامیابی ہے۔
عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ اچھے مناظر ہوتے ہیں جب آمنے سامنے بیٹھتے ہیں، چائے پیتے ہیں، اچھی گفتگو ہوتی ہے، کم سے کم کمیٹی کی حد تک ہم نے ماضی کے واقعات کو پس پشت ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی تک چارٹر آف ڈیمانڈ تیار نہیں کیا، میثاقِ جمہوریت بے نظیر بھٹو کے ساتھ طے ہوا تھا بعد میں خان صاحب بھی متفق ہوئے تھے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے عفریت سے خیبر پختون خوا متاثر ہے، کچھ ایسے عوامل ہیں جن پر ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم تو شروع سے ہی مذاکرات پر آمادہ تھے، نواز شریف نے پہلی تقریر میں مذکرات کی بات کی۔