لاہور: سیف سٹی نے پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ورچوئل بلڈ بنک کی سہولت متعارف کرائی ہے تاکہ شہری آسانی سے خون کا عطیہ دے سکیں یا خون حاصل کر سکیں۔
اس اقدام کا مقصد بلڈ ڈونرز اور خون کی ضرورت والے افراد کے درمیان فوری اور موثر رابطہ قائم کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر یہ سہولت فراہم کی گئی ہے، جس کے تحت شہری 15 پر کال کر کے 4 دبا کر بلڈ بنک سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق، سیف سٹی آفیسر کال موصول ہونے پر بلڈ بنک کے ڈیٹا بیس سے ڈونر کا رابطہ کالر سے کانفرنس کال کے ذریعے کروائے گا۔ اس نظام میں بلڈ ڈونر ایجنسیز، این جی اوز، کالجز اور یونیورسٹیز کے بلڈ بنکس بھی شامل ہیں۔ شہری، سٹوڈنٹس اور سول سوسائٹی کے ممبران ویب سائٹ یا 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر خود کو بلڈ ڈونر کے طور پر رجسٹر کروا سکتے ہیں۔
پنجاب پولیس کے افسران و جوان بھی اس نظام میں شامل ہیں اور اب تک 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اپنے آپ کو بطور بلڈ ڈونر رجسٹر کروا چکے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس نیک کام میں حصہ لیں اور دوسروں کی زندگی بچانے کے لیے خون کا عطیہ دیں۔