وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے اور اگر سیاسی استحکام ہوگا تو معیشت بھی مضبوط ہوگی۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان شاء اللہ 2025 پاکستان کی معاشی ترقی کا سال ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو بجلی کی قیمتیں کم کرنے کی ضرورت ہے، جس پر کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے مزید بتایا کہ 2024 میں حکومت کے ساڑھے 9 ماہ کے دوران مہنگائی میں ساڑھے 6 سال کی تاریخی کمی آئی اور شرح سود 13 فیصد تک کم ہوچکی ہے۔ گزشتہ 5 ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ برآمدات میں بھی اضافہ ہوا اور زر مبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر ساڑھے 12 ارب ڈالر کی مستحکم پوزیشن پر آگئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنا بھی ضروری ہے اور اس پر دن رات کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر تب ممکن ہو گا جب سیاسی استحکام قائم ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نیا سال پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ آخر میں وزیراعظم نے وفاقی وزرا، آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ اور دیگر تمام شرکاء کو نئے سال کی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ گزشتہ سال کی طرح نیا سال بھی پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں کو بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام معاشی اشاریے اس بات کا کھلا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں سب کو مل کر کوششیں کرنی ہوں گی۔