واشنگٹن: پاکستان نے اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی دو سالہ مدت کی عالمی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
اس موقع پر اقوام متحدہ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے نمائندے عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے غیر مستقل ارکان کے پرچم رکھنے کی رسم میں شرکت کی۔ اس دوران پاکستان کا پرچم سلامتی کونسل میں نصب کیا گیا۔
اس سال پاکستان کے ساتھ ڈنمارک، یونان، پاناما اور صومالیہ بھی غیر مستقل ارکان کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر آٹھویں بار منتخب ہو کر 193 رکن ممالک میں سے 182 ووٹ حاصل کیے۔
پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں ایک فعال اور تعمیری کردار ادا کرے گا اور سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر اپنے فرائض بخوبی انجام دے گا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پانچ مستقل ارکان (امریکہ، برطانیہ، روس، چین اور فرانس) اور دس غیر مستقل ارکان پر مشتمل ہے۔ غیر مستقل ارکان کی مدت دو سال ہوتی ہے، اور ان کا بنیادی مقصد عالمی امن و سلامتی کے اہم مسائل پر فیصلے کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہوتا ہے۔