روئی کی قیمت میں 500 روپے فی من کا اضافہ ہونے کے بعد اس کی قیمت 18,500 روپے فی من تک پہنچ گئی۔
چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق پچھلے ایک ہفتے کے دوران روئی کی قیمتوں میں ایک ہزار روپے فی من کا اضافہ ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 14 جنوری سے جرمنی میں شروع ہونے والی ’ہیم ٹیکس‘ نمائش میں 270 پاکستانی ٹیکسٹائل ملز کی شرکت متوقع ہے، جس میں پاکستانی ملز کو کروڑوں ڈالر کے برآمدی آرڈرز ملنے کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے برآمدی آردرز کی تکمیل کے لیے روئی کی خریداری میں تیزی آئی ہے، جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا، گزشتہ دو دن بھی قیمت میں اضافہ ہوا تھا۔ سونے کے فی تولہ نرخوں میں 2200 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 76 ہزار 900 روپے کا ہو گیا ہے۔
10 گرام سونے کے نرخ میں بھی 1886 روپے کا اضافہ ہونے سے دس گرام سونا 2 لاکھ 37 ہزار 397 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 22 ڈالربڑھ گئی ہے جس کے بعد فی اونس سونا 2657 ڈالر کا ہو گیا ہے۔