لاہور: پنجاب حکومت نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ایمبیسڈرز نامزد کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا اور سرکاری سکولوں کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ہر ضلع میں ایک اہم رکن اسمبلی (ایم پی اے) کو ایجوکیشن ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے۔ ان ایمبیسڈرز کو اپنے ضلع میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے مختلف امور پر کام کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، جن میں سکولوں کی مانیٹرنگ، تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور دیگر متعلقہ مسائل کا حل شامل ہے۔ یہ فیصلہ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور سیکرٹری ایجوکیشن خالد نذیر وٹو کی مشاورت سے لیا گیا۔
سیکرٹری ایجوکیشن نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایجوکیشن ایمبیسڈرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان ایمبیسڈرز کی تقرری کا مقصد تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنانا اور حکومتی سکولوں کو معیاری تعلیمی ادارے بنانا ہے۔ ایمبیسڈرز اپنے اضلاع میں تعلیمی مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے اور سرکاری سکولوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔ اس حوالے سے وزیر تعلیم نے امید ظاہر کی ہے کہ ایجوکیشن ایمبیسڈرز کی یہ ذمہ داری نظام تعلیم میں مثبت تبدیلی لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا یہ اقدام تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ فیصلہ پنجاب کے تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ حکام کا ماننا ہے کہ ایجوکیشن ایمبیسڈرز کی موثر مداخلت سے تعلیمی سہولیات میں واضح بہتری آئے گی۔