کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں 615 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔
دوسرے دن کا کھیل جنوبی افریقہ نے 316 چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کیا، ریان رکلٹن نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کی پہلی ڈبل سنچری بنا ڈالی، وہ 259 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹمبابا ووما نے 106 اور کائل ورینی نے 100 رنز بنائے،مارکو یانیسین 62 اور کیشو مہاراج 40 رنزبنا کر نمایاں رہے، 615 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا اور محمد عباس نے تین تین، میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ کے پہلی اننگز کے رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہو گئی، شان مسعود صرف دو رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، کامران غلام بارہ رنز بنا کر جانسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے، سعود شکیل بغیر کوئی رنز بنائے کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنا لئے ہیں، بابر اعظم 31 رنز اور محمد رضوان 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان کو اب بھی جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لئے 551 رنز درکار ہیں اور اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔