مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنماء وسینیٹرعرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنےمطالبات تحریری شکل میں دے ورنہ مذاکرات میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عرفان صدیقی نےاسلام آباد سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 12 دن گزر چکے ہیں مذاکرات ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھے، کوئی پس پردہ، متوازی مذاکرات نہیں ہو رہے ، سیاسی قیدی ہونے کا تعلق فرد کی شناخت سے نہیں، جرم کی نوعیت پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیا ست دان کو فوجداری مقدمات سے استثنیٰ حاصل نہیں، پی ٹی آئی نے 45 لاپتہ افراد کا ذکر تو کیا کوئی فہرست ہمیں نہیں دی اور نہ ہی ان کے نام اور ایڈریس بتائے گئے۔
عرفان صدیقی نے مزید کہاکہ مذاکراتی کمیٹی، حکومت کی جانب سے عمران خان کو بنی گالا بھیجنے کی کوئی آفر نہیں کی گئی، ہماری طرف سے پی ٹی آئی کو سول نافرمانی ختم کرنے کا یا کوئی اور مطالبہ بھی نہیں کیا گیا۔