ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی قیادت میں لاہور میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں اور نمائندگان کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس نشست میں مسیحی، سکھ اور ہندو مذاہب کے رہنماؤں اور نمائندگان نے شرکت کی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے اس خصوصی نشست کے اہتمام پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
مذاہب کے مختلف رہنماؤں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاک فوج ہماری شان اور عزت ہے، اور پوری قوم، ہر مذہبی طبقہ، اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہے، کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ اقلیتی برادری کے نمائندگان نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ وہ پاکستانی ہیں، اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو نے نہ صرف ان کے حوصلے بڑھائے بلکہ تمام منفی شکوک و شبہات بھی ختم کر دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح پاکستان کے قیام میں تمام مذاہب کے پیروکاروں نے قربانیاں دیں، اسی جذبے اور حب الوطنی کے ساتھ اقلیتی برادری سمیت تمام مذہبی گروہ پاکستان کی خدمت کرتے رہیں گے۔