لاہور: بجلی صارفین کو کروڑوں روپے کی اوور بلنگ، تحقیقاتی رپورٹ میں ذمہ داران کی نشاندہی ہو گئی ۔
نیب لاہور نے لیسکو میں کروڑوں روپے اوور بلنگ انکوائری کے تنازع کے حوالے سے تحقیقات مکمل کر لی ہیں، نجی ٹی وی کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو، سی ایس ڈی اور ڈائریکٹر کمرشل کو ابتدائی انکوائری میں ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
نیب لاہور کی جانب سے تیار کی گئی تحقیقاتی رپورٹ چیئرمین نیب کو پیش کی جائے گی، لیسکو کی جانب سے 2024 میں صارفین کو کروڑوں کے اضافی بل دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کو بریفنگ کے بعد انکوائری پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا، اووربلنگ کے ذمہ دارافسران کے خلاف کارروائی کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر لیسکو افسران انکوائری میں دو تین ماہ سے تاخیری حربے استعمال کرتے رہے۔ گزشتہ سال لیسکو کی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اووربلنگ کی مد میں شہریوں سے ایک سال میں ایک ارب 95 کروڑ وصول کیے گئے۔