جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹیم میں بہتری کے کئی پہلو موجود ہیں۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ سینچورین میں ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا تاہم اہم لمحات پر قابو نہیں پاسکے۔یہاں بھی ابتدا اچھی نہیں رہی، چاہے وہ بالنگ ہو یا بیٹنگ۔ہم نے شروع میں بہت زیادہ رنز دیے اور اچھی پچ پر جلدی آئوٹ ہوگئے لیکن جوابی اننگز میں لڑائی کی مثال قائم کی اور جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا۔ میچ میں انفرادی کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی دکھائی۔
کپتان شان مسعود نے مزید کہا کہ ٹیم کو فیصلہ کن لمحات جیتنے کا طریقہ سیکھنے کی ضرورت ہے۔ ہم نے انگلینڈ کیخلاف دبائو میں اچھا کھیل پیش کیا تاہم ہمیں یہ سیکھنا ہے کہ پہلے ہی وار کیسے کیا جائے۔ ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی ہیں جو ان تجربات سے سیکھیں گے۔ خوش قسمتی ہے کہ ہم فوراََ ویسٹ انڈیز کیخلاف ایک اور سیریز کھیلنے جارہے ہیں۔
کپتان نے اپنی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں کبھی بھی ذاتی ریکارڈز کو نہیں دیکھتا ، میری خواہش ہوتی ہے کہ یہ کارکردگی ٹیم کی فتح میں تبدیل ہو۔ بابراعظم کیساتھ طویل پارٹنر شپ اور جوابی اننگز میں واپسی نے خوشی دی ہے۔